
لاہور(اے ون نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لیے نیا طیارہ خرید لیا گیا،گلف اسٹریم جی 500 طیارے کی قیمت 10 ارب روپے کے قریب بتائی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق طیارے کا نمبر این 144 ایس اور قیمت تقریباً 10 ارب روپے ہے، اس طیارے کا پاکستان میں سفر کا ریکارڈ بھی ہے، یہ طیارہ ابھی پاکستان میں رجسٹرڈ نہیں ہوا، یہ امریکی رجسٹریشن پر ہے۔
طیارے کی خریداری پر پنجاب حکومت کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ عوام کے پیسے عوام پر لگائے جائیں، قومی خزانے سے لگژری طیارہ خریدنا زیب نہیں دیتا۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا مؤقف ہےکہ ائیر پنجاب کے لیے ایک فلیٹ بنانا ہے جس میں ہرطرح کے جہاز ہوں گے، مختلف جہاز خرید رہے ہیں کچھ لیزپرلیں گے، یہ اسی سلسلےکی کڑی ہے، جیسے ہی معاملات حتمی شکل اختیار کریں گے آپ کو بتا دیں گے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کو ادھوری بات کرنےکا بہت شوق ہے، ہم بہت ساری ٹیکس چوریوں سے متعلق بات کریں گے تو یہ سیاسی انتقام ہوجائےگا۔




