
برسلز ( مرزا عمران بیگ)پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے یورپی پارلیمنٹ میں ڈائریکٹر جنرل برائے بیرونی پالیسیز پیٹرو دوچی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جنوبی ایشیائی ریاستوں سے تعلقات کے وفد کے رکن فیلیپ الکوبیا دے مورائس بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر تعمیری تبادلۂ خیال کیا گیا، خصوصاً بین الپارلیمانی روابط کے فروغ کو دوطرفہ تعلقات کے استحکام کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
فریقین نے مختلف شعبہ جات میں تعاون بڑھانے، مکالمے کو فروغ دینے اور پارلیمانی سطح پر روابط کے تسلسل پر زور دیا۔ سفیر رحیم حیات قریشی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مضبوط سیاسی اور ادارہ جاتی روابط باہمی مفاد میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔




