خیبر پختونخوا میں اینٹی ڈرون گنز نصب، سکیورٹی ہائی الرٹ

پشاور(اے ون نیوز)پاک افغان سرحدی کشیدگی کے پیش نظر خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں اینٹی ڈرون سسٹمز فعال کر کے سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔
کیپیٹل سٹی پشاور پولیس کے مطابق ضلع بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ نواحی اور مضافاتی پولیس چوکیوں پر اینٹی ڈرون گنز کو نصب کر دیا گیا ہے۔
شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا نظام مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ڈویژنل ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز سکیورٹی انتظامات کی براہ راست نگرانی کی جارہی ہے۔ اہم شاہراہوں پر بکتر بند گاڑیاں، ایلیٹ فورس، سٹی پٹرولنگ اسکواڈ، ابابیل اسکواڈ اور مقامی پولیس مسلسل گشت کر رہی ہے۔
شہر بھر میں اسنیپ چیکنگ اور ناکہ بندیوں کے دوران گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کی کڑی نگرانی جاری ہے جبکہ قیام امن کے لیے سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز بھی تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ خیبر پختونخوا پولیس حکام کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بنوں اور لکی مروت میں اینٹی ڈرون گنز فعال کر دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری مراکز میں سخت چیکنگ کے لیے بلاکس قائم کرنے کا مؤثر میکنزم ترتیب دیا گیا ہے۔
غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تیار کر لی گئی ہیں جبکہ تمام بارڈر چیک پوسٹس، پولیس پوسٹس اور تھانوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی خان ریجن میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی خان سید اشفاق انور کے مطابق ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی اینٹی ڈرون گنز نصب کر دی گئی ہیں جبکہ تمام انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس پر سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی اقدامات میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے تاکہ امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا ہے کہ افغان طالبان کے حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کی جانب سے ایبٹ آباد، صوابی اور نوشہرہ میں چھوٹے ڈرونز کے ذریعے حملوں کی کوشش کی گئی تھی، پاکستان کے اینٹی ڈرون سسٹمز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام ڈرونز کو مار گرایا اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔




