
تہران(اے ون نیوز)ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہےکہ اسرائیل اور امریکا کے حملوں کے جواب میں خطے میں موجود امریکا کے 14 اڈوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں سیکڑوں امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔
ترجمان ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق ایران کی افواج کا طاقتور آپریشن بھرپور قوت سے جاری رہے گا۔ ترجمان پاسداران انقلاب کا کہنا ہےکہ امریکی اڈوں پر ایرانی فورسز کے حملےمزید شدت کے ساتھ ہوں گے۔
خیال رہےکہ ایران نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کو ‘آپریشن وعدہ صادق 4’ کا نام دیا ہے۔ اس سے قبل ایرانی پاسدران انقلاب نے اعلان کیا تھا کہ اس نے خطے میں موجود کئی امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں بحرین میں تعینات امریکی بحریہ کا ففتھ فلیٹ بھی شامل ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی پاسدران انقلاب کا کہنا ہےکہ اس نے بحرین، قطر اور متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی اڈوں کے ساتھ ساتھ مقبوضہ فلسطینی علاقوں (اسرائیل)کے مرکز میں واقع فوجی اڈوں کونشانہ بنایا ہے۔
ایرانی پاسدران انقلاب کا کہنا ہےکہ ‘آپریشن وعدہ صادق 4’ امریکی فوج اور بچوں کے قاتل صہیونی حکومت کے خلاف کیا جارہا ہے، جس کے تحت جارح دشمن کے علاقائی اہداف پر حملے کیے گئے ہیں۔
ایرانی پاسدران انقلاب نے اس عزم کا اظہار کیا ہےکہ ایران کی مسلح افواج کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملے جاری رہیں گے۔




