
واشنگٹن(اے ون نیوز)امریکہ نے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سمیت 10 اہم رہنماؤں کے بارے میں معلومات دینے پر 10 ملین ڈالر انعام کا اعلان کر دیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے Rewards for Justice پروگرام کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں اہم ایرانی رہنماؤں کے بارے میں معلومات طلب کی گئی ہیں، جن میں مجتبیٰ خامنہ ای بھی شامل ہیں۔
محکمہ خارجہ نے انعام کی رقم 10 ملین امریکی ڈالر تک مقرر کی اور کہا کہ معلومات فراہم کرنے والے افراد امریکا منتقل ہونے (relocation) کے اہل بھی بن سکتے ہیں۔
امریکا کی جانب سے جن ایرانی رہنماؤں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے پر انعام رکھا گیا ہے ان میں ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای ، ایرانی وزیر انٹیلی جنس اسماعیل خطیب، نائب چیف آف اسٹاف علی اصغر حجازی، میجر جنرل یحییٰ رحیم صفوی، بریگیڈیئر جنرل اسکندر مومنی، سیکرٹری برائے سپریم کونسل علی لاریجانی بھی شامل ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ یہ افراد پاسداران انقلاب کے مختلف عناصر کی کمانڈ اور ہدایت کرتے ہیں، جو دنیا بھر میں دہشت گردانہ کارروائیاں منصوبہ بندی، تنظیم اور انجام دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ آج علی لاریجانی تہران میں یوم القدس کی ریلیوں میں شریک ہوئے تھے اور اپنی شرکت کی تصاویر بھی پوسٹ کیں۔




