
اسلام آباد (اے ون نیوز) پاکستان دنیا کو امن کا تحفہ دینے کے لیے تیار ہے، ایران سے مذاکرات کے لیے امریکی وفد نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق امریکا کے وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس، جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف شامل ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مہمانوں کا استقبال کیا، امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر بھی موجود تھیں۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا خیرمقدم کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پائیدار علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے حصول کے لیے امریکا کی وابستگی کو سراہا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ تمام فریقین تعمیری انداز میں بات چیت کریں گے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے فریقین کے درمیان سہولت کاری جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
اس سے پہلے ایران کے ساتھ مذاکرات کیلئے اسلام آباد روانہ ہونے والے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے طیارے نے فرانس میں قیام کیا،پیرس میں طیارہ ایندھن بھرائی کے بعد اسلام آباد کیلئے دوبارہ روانہ ہوا۔




