
لندن (اے ون نیوز) برطانیہ کے وزیراعظم کیئر سٹارمر کا کہنا ہے کہ برطانیہ ہرمز کی امریکی ناکہ بندی کی حمایت نہیں کرے گا۔
عالمی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ چاہے جو بھی دباؤ ہو، برطانیہ کو ایران کے خلاف جنگ میں نہیں گھسیٹا جائے گا اور وہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کی حمایت نہیں کرے گا، میرے خیال میں ضروری یہ ہے کہ ہم آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولیں، یہیں پر ہم نے اپنی تمام کوششیں گزشتہ چند دنوں میں لگائی ہیں اور ہم ایسا کرتے رہیں گے۔
اسی طرح ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بحری ناکہ بندی شروع کرنے کی دھمکی کے بارے میں پوچھے جانے پر چین نے تمام فریقین سے پرسکون رہنے کی اپیل کی ہے، وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے کہا کہ اہم آبی گزرگاہوں کو محفوظ، مستحکم اور بلا روک ٹوک رکھنا عالمی برادری کے مشترکہ مفاد میں ہے، چین توانائی کی حفاظت اور فراہمی کے تحفظ کے لیے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کو صاف کرنے کیلئے اپنے جہاز بھیجنے کے بارے میں جاپان نے بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، چیف کیبنٹ سیکرٹری مینورو کیہارا نے کہا کہ جاپان نے ابھی یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آیا آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کے آپریشن کے لیے اپنی سیلف ڈیفنس فورسز کو تعینات کرنا ہے یا نہیں، جاپان دونوں فریقوں کے درمیان ایک جامع مفاہمت کی طرف پیشرفت پر زور دے رہا ہے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے نیوی گیشن کی حفاظت کو یقینی بنانے سمیت کشیدگی کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔




