
انقرہ(اے ون نیوز) پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلگام واقعے کے بعد بڑھتی کشیدگی پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا بیان سامنے آگیا۔
ترک خبررساں ایجنسی کے مطابق ترک صدر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی میں کمی لانے کی اپیل کی ہے۔
ترک کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر اردوان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا ترکیے کا دورہ حساس وقت میں ہوا، شہباز شریف کا دورہ خطے کی تازہ ترین پیشرفت کے فریم ورک میں ایک انتہائی حساس وقت میں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے خصوصی طور پر تجارت اور دفاعی صنعت میں کثیر الجہتی تعاون پر بات کی اور پاکستانی عوام کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی میں جلد از جلد کمی آئے، قبل اس کے کہ صورتحال مزید سنگین رخ اختیار کرلے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کا ہر موقع پر یہ مؤقف رہا ہے کہ ہم اپنے خطے اور اس سے باہر نئے تنازعات نہیں چاہتے۔