
اسلام آباد(اے ون نیوز)بوکھلاہٹ کا شکار بزدل بھارتی فوج نے سول آبادی پر گولہ باری شروع کر دی، بلااشتعال فائرنگ سے 5 شہری شہید جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بزدل بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر شکست کھانے کے بعد شہری آبادی کو نشانہ بنانے لگی۔ بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی فوج نے ہجیرہ، فارورڈ کہوٹہ اور کھوئی رٹہ میں سول آبادی کو نشانہ بنایا۔
بھارتی فوج شہری آبادی پر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے جبکہ پاک فوج دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے میں مصروف ہیں، جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی توپیں خاموش ہوگئیں۔
لائن آف کنٹرول پر دھرمسال 2 پوسٹ بالمقابل بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج نے گھٹنے ٹیکتے ہوئے بھارتی فوج نے ایک بار پھر سفید جھنڈا لہرا دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کا سفید جھنڈا لہرانے کا مطلب شکست کو تسلیم کرنا ہے، بھارتی فوجی کی بزدلانہ کارروائیوں کا پاک فوج موثر اور بھرپور جواب دے رہی ہے۔
دوسری جانب، پاک فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کرنے پر بھارتی فوج کی کئی چیک پوسٹیں تباہ کر دی ہیں۔
کیلر سیکٹر میں ڈوبہ مور پوسٹ، بٹالین ہیڈ کوارٹر سوجی اور پیر کانتھی سیکٹر میں جبار اینڈ ترکھیاں کمپلیکس مکمل تباہ ہوگئے۔ ان پوسٹوں کی تباہی سے بھارتی فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
اسی طرح، پاک فوج نے بھارت کی دو مزید پوسٹیں تباہ کر دیں جس میں حاجی پیر سیکٹر میں بھارتی فوج کی رِنگ کنٹوئر پوسٹ اور پوکران مارٹر بگھسر پوسٹ شامل ہے۔
کیلر سیکٹر میں دشمن کی مہیری پوسٹ اور خالصہ ٹاپ جبکہ رکھ چکری سیکٹر میں دنا ٹاپ اور ماؤنڈ پوسٹ تباہ کی گئی۔
پاک فوج کے تازہ ترین حملوں میں دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، لائن آف کنٹرول پر پے در پے پوسٹوں کی تباہی سے دشمن بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے۔
قبل ازیں، پاک فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کرنے پر جوابی فائرنگ اور گولہ باری کی اور بھارتی فوج کے ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا جبکہ بھارتی بٹالین ہیڈکوارٹر نانگا ٹک کو شدید نقصان پہنچا۔ حاجی پیر سیکٹر میں جھنڈا زیارت پوسٹ کو تباہ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اب تک بھارتی فوج کی درجنوں پوسٹیں تباہ کر چکا ہے۔