
لندن(اے ون نیوز) پاکستان ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان اور مقبول اداکار ہمایوں سعید ان دنوں لندن میں اپنی نئی آنے والی فلم ’ لوگرو‘ کی تشہیری کررہے ہیں، سوشل میڈیا پر کافی ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں، ایک ویڈیو میں اداکارہ کو ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔
معروف اداکارہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید ان دنوں لندن میں اپنی نئی فلم ’’لو گرو‘‘ جو کہ 6 جون کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی اس کی تشہیر کررہے ہیں، لندن میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کے پہنچنے پر ان کو پروٹوکول دیا گیا، لندن کے علاقے "الفورڈ لین” میں اپنی موجودگی سے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
دونوں فنکار ایک بگھی (گھوڑا گاڑی) میں سوار ہو کر اپنی نئی فلم کی تشہیر ی تقریب میں پہنچے، اپنے پسندیدہ اداکار اور اداکارہ کو دیکھتے فین پرجوش ہوگئے، تصاویر بنوائیں اور فلم کے حوالے سے بات چیت کی،سینکڑوں افراد نے ان فنکاروں کو خوش آمدید کہا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تقریب کے دوران ہجوم بے قابو ہو گیا، اور ماہرہ خان شدید پریشانی کا شکار نظر آئیں۔
https://www.facebook.com/share/r/1Eo4kD7rD4/
عینی شاہدین کے مطابق انتظامیہ کا ایک رکن ماہرہ خان کو نامناسب طریقے سے چھوتا ہوا دیکھا گیا، اور یہ مناظر کئی مداحوں نے اپنے موبائل فونز میں ریکارڈ بھی کئے، صورتحال اس قدر خراب ہو گئی کہ ماہرہ خان نے تقریب کو درمیان میں ہی چھوڑ دیا، اداکار ہمایوں سعید مسلسل ماہرہ خان کو بچانے اور ان کی حفاظت کی کوشش کرتے رہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے ماہرہ خان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور واقعہ کی مذمت کی، ویڈیو کے سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی اس ملے جلے تبصرے کئے گئے جبکہ اداکارہ سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔