
کوئٹہ(اے ون نیوز) فیلڈ مارشل سید جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بھارت کی پراکسی جنگ اب ڈھکی چھپی نہیں رہی، یہ ہماری قوم، ترقی اورامن کے خلاف کھلی دہشتگردی ہے۔
کوئٹہ میں جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ جو بھی دشمن ہماری خود مختاری کو چیلنج کرے گا اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، قوم اور بہادر بلوچ عوام کی غیر متزلزل حمایت سے پاک فوج اندرونی ہو یا بیرونی ہر دشمن کو کچل دے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بھارتی مداخلت کے واضح ثبوت موجود ہیں، دشمن کے ناپاک عزائم ہر صورت ناکام بنائیں گے، پاک فوج ہر خطرے سے نمٹنے کیلیے مکمل طور پر تیار ہے، بلوچستان کے امن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، پاکستان کا مستقبل بلوچستان کے استحکام اور خوشحالی سے جڑا ہے۔
دورہ کوئٹہ کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اور قربانیوں کی ستائش کی۔