
جد(اے ون نیوز)سعودی عرب نے ایرانی حجاج کی بحفاظت واپسی کے لیے اقدامات کا آغاز کردیا۔
پہلے مرحلے میں حجاج کے پہلے گروپ کو مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے عرعر ایئرپورٹ پہنچایا گیا۔ایرانی حجاج کو عرعر بارڈر کراسنگ کے ذریعے ایران روانہ کیا جا رہا ہے۔
وزارتِ حج و عمرہ نے سعودی قیادت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے مکہ اور مدینہ میں موجود ایرانی حجاج کی دیکھ بھال کے لیے ہنگامی بنیادوں پرآپریشن سینٹر قائم کیا ہے۔
وزارت نے ایرانی حکام کے ساتھ مل کر حجاج کی واپسی کا منصوبہ تیارکیا ہے۔اس منصوبے کے تحت حجاج کو جدہ اور مدینہ منورہ ایئرپورٹس کے ذریعے سرحدی چیک پوسٹ عرعر تک منتقل کیا جا رہا ہے۔
وہاں سے انہیں بری راستے کے ذریعے ایران روانہ کیا جائے گا۔یاد رہے اس سال تقریبا 76 ہزار ایرانیوں نے فریضہ حج ادا کیا ہے۔