
اسلام آباد (اے ون نیوز ) پاکستان نے ٹیلی کام کے شعبے میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا! پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے ملک بھر میں 200 ملین سے زائد موبائل صارفین کا ہدف حاصل کرنے کے بعد، ایک روزہ خصوصی آفر کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، 20 جون 2025 کو تمام موبائل صارفین کو 2 جی بی مفت انٹرنیٹ ڈیٹا اور 200 آن نیٹ منٹس بالکل مفت فراہم کیے جائیں گے، جو 24 گھنٹے کے لیے مؤثر ہوں گے۔آفر حاصل کرنے کے لیے صارفین *کسی بھی نیٹ ورک سے#2200#* ڈائل کر کے یہ سہولت فعال کر سکتے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہےکہ 200 ملین صارفین کے سنگ میل کی خوشی میں، پی ٹی اے اور تمام موبائل آپریٹرز اپنے صارفین کو 2 جی بی ڈیٹا اور 200 آن نیٹ منٹس بالکل مفت فراہم کریں گے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد 197.7 ملین تک جا پہنچی ہے، جو ملک کی 80 فیصد آبادی پر محیط ہے۔ براڈبینڈ صارفین کی تعداد 150 ملین اور فکسڈ لائن فون استعمال کرنے والے صارفین 3.75 ملین ہیں۔
اس تاریخی کامیابی کی خوشی میں، پی ٹی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں ٹیلی کام انڈسٹری، موبائل نیٹ ورکس اور ڈیوائس ساز کمپنیوں کے نمایاں افراد شرکت کریں گے۔ تقریب میں پاکستان میں ڈیجیٹل سروسز اور کنیکٹیویٹی کے فروغ پر بھی بات چیت ہوگی۔
اس کے علاوہ، موبائل نیٹ ورکس کی جانب سے مفت وائس اور ڈیٹا بنڈلز دیے جائیں گے، جبکہ موبائل کمپنیاں تقریب کے دوران 10 سے 15 درمیانے درجے کے اسمارٹ فونز کے لیے قرعہ اندازی میں حصہ بھی لیں گی۔