
سکردو(اے ون نیوز)پاکستانی کوہ پیمائی کی دنیا ایک عظیم شخصیت سے محروم ہو گئی، جب گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے معروف کوہ پیما افتخار سدپارہ کے ٹو کی مہم کے دوران برفانی تودے کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب افتخار سدپارہ بلند پہاڑی مقام پر پیش قدمی کر رہے تھے۔ برفانی تودے کی زد میں آنے سے وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ ان کے ہمراہ موجود تین غیر ملکی کوہ پیما بھی اس حادثے میں زخمی ہوئے، تاہم انہیں بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
افتخار سدپارہ کا تعلق اسکردو کے نواحی گاؤں سدپارہ سے تھا، جو کئی کوہ پیماؤں کا مسکن ہے۔ ان کی میت کو ریسکیو ٹیم کی مدد سے بذریعہ ہیلی کاپٹر اسکردو منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں بعد ازاں انہیں آبائی گاؤں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
پاکستان میں کوہ پیمائی کے حلقوں میں افتخار سدپارہ کو ایک ماہر اور پرعزم کوہ پیما کے طور پر جانا جاتا تھا۔ ان کی ناگہانی موت سے شوقیہ اور پیشہ ور کوہ پیماؤں کے حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔