
نکھون پاتھوم (تھائی لینڈ) – پاکستان کی انڈر-16 والی بال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن ایران کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے دی اور ایشین انڈر-16 والی بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل میچ میں پاکستان نے پہلے دو سیٹ ہارنے کے باوجود زبردست کم بیک کیا اور اگلے تینوں سیٹس جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے گولڈ میڈل بھی حاصل کیا جبکہ ایران کو سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔
فائنل کا احوال
پہلا سیٹ: ایران نے 22-25 سے جیتا
دوسرا سیٹ: ایران نے 21-25 سے برتری حاصل کی
تیسرا سیٹ: پاکستان نے 28-30 سے جیتا
چوتھا سیٹ: پاکستان نے 21-25 سے برابر کیا
پانچواں سیٹ: پاکستان نے 10-15 سے میچ اپنے نام کر لیا
ناقابلِ شکست پاکستان
پاکستان نے اس ایونٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پورے ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ نہیں ہارا۔
سیمی فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 0-3 سے شکست دی جبکہ ایران نے جاپان کو 0-3 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی
ایشین ٹائٹل جیتنے کے ساتھ پاکستان نے ورلڈ انڈر-17 والی بال چیمپئن شپ 2026 میں شرکت کا بھی کوالیفائنگ حق حاصل کر لیا ہے۔
پاکستان کا سفر
پاکستان نے گروپ ڈی میں جنوبی کوریا، سعودی عرب اور چائنیز تائپے کو شکست دے کر ٹاپ پوزیشن حاصل کی، پھر انڈونیشیا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی پائی، جہاں بھارت کو ہرا کر فائنل میں پہنچا۔