خیبرپختونخوا سینیٹ الیکشن: حکومت اور اپوزیشن باغی امیدواروں کے خلاف ایک صفحے پر متفق

پشاور(اے ون ٹی وی )خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے موقع پر صوبائی حکومت اور اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کے مقابل آنے کے بجائے ایک صفحے پر آ گئی ہیں۔ پی ٹی آئی، جے یو آئی (ف)، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے متفقہ حکمت عملی کے تحت پی ٹی آئی کے باغی امیدواروں کا راستہ روکنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن نے اپنے 11 متفقہ امیدواروں کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے 7 خصوصی ووٹنگ پینلز تشکیل دے دیے ہیں۔ ان میں سے چار حکومتی پینلز کی نگرانی وزرا کریں گے، جبکہ اپوزیشن کے تین پینلز کی نگرانی پارلیمانی لیڈرز کریں گے۔
اراکین اسمبلی کو گروپس کی شکل میں وزیراعلیٰ ہاؤس سے اسمبلی لایا جائے گا اور جنرل، خواتین اور ٹیکنوکریٹ نشستوں پر مخصوص ہدایت کے مطابق ووٹ ڈلوائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر نگرانی کریں گے
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ انتخابی عمل کی براہ راست نگرانی کریں گے، جبکہ حکومتی بینچز سے اپوزیشن امیدواروں کے لیے درکار ووٹ بھی فراہم کیے جائیں گے۔
اگر کسی رکن اسمبلی نے باغی امیدواروں کو ووٹ دیا تو حکومت اور اپوزیشن مل کر تحقیقات کریں گے، اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین اور اپوزیشن کے اہم رہنما بھی سینیٹ انتخابات کے موقع پر اسمبلی میں موجود ہوں گے تاکہ ہر مرحلہ مانیٹر کیا جا سکے۔
اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ:”ہمیں حکومت کی کمٹمنٹ اور تیاری پر اعتماد ہے، توقع ہے کہ کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا اور تمام 11 امیدوار با آسانی کامیاب ہو جائیں گے۔”
شکایت کی صورت میں فوری طور پر وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کو آگاہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔