اہم خبریںپاکستانتازہ ترینخیبر پختونخواہ

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا، تحریک انصاف کا پلان بی بھی سامنے آ گیا

پشاور(اے ون نیوز)خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے نئے ارکانِ اسمبلی آج صبح 9 بجے حلف اٹھائیں گے، جبکہ اجلاس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے حکومتی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔

25 نئے ارکان حلف اٹھائیں گے
حلف اٹھانے والے 25 نئے ارکان میں 21 خواتین اور 4 اقلیتی نمائندے شامل ہیں۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر جے یو آئی اور مسلم لیگ (ن) کی 7، 7، پیپلزپارٹی کی 4، اے این پی کی 2 اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کی ایک خاتون رکن شامل ہیں۔ اقلیتوں کی نشستوں پر جے یو آئی کے 2، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا ایک، ایک رکن حلف اٹھائے گا۔

پلان بی پر غور: ممکنہ طور پر اجلاس ملتوی کرنے کی حکمت عملی
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے اسمبلی اجلاس سے قبل پارٹی کا مشاورتی اجلاس طلب کیا ہے جس میں پلان بی پر عملدرآمد پر غور ہوگا۔ اس حکمتِ عملی کے تحت اگر پی ٹی آئی کے ناراض ارکان دستبردار نہ ہوئے یا حکومتی اراکین کے ووٹ پھسلنے کا خدشہ ہوا تو اجلاس کے دوران کورم کی نشاندہی کرکے اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرایا جا سکتا ہے۔

ایوان کا کورم مکمل کرنے کے لیے 37 ارکان درکار ہیں جبکہ اپوزیشن کے پاس اس وقت 27 ارکان ہیں۔ نئے ارکان جب تک حلف نہ اٹھائیں، ایوان کا حصہ نہیں بن سکیں گے، جس کے نتیجے میں 21 جولائی کو ہونے والے سینیٹ انتخابات بھی ممکنہ طور پر مؤخر ہوسکتے ہیں۔

حکومت کا مقصد: ناراض امیدواروں سے مذاکرات کے لیے وقت حاصل کرنا
پلان بی پر عمل کے ذریعے حکومت ناراض امیدواروں کو انتخابات کی دوڑ سے باہر کرنے کی کوشش کرے گی۔ ذرائع کے مطابق وقت حاصل ہونے پر ناراض ارکان سے مذاکرات کرکے انہیں دستبردار کرانے کی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار عرفان سلیم نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے طے کیا ہے کہ مخصوص نشستوں پر ارکان سے حلف نہیں لیا جائے گا تاکہ سینیٹ انتخابات روکے جا سکیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سینیٹ کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات واپس لینے کا کوئی باضابطہ پیغام نہیں دیا گیا۔ عرفان نے یہ بھی کہا کہ انہیں آئندہ سینیٹ کا ٹکٹ اور مشیر کا عہدہ دینے کی پیشکش کی گئی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button