خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف برداری کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر ملتوی

پشاور(اے ون نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس، جس میں مخصوص نشستوں پر منتخب خواتین اور اقلیتوں کے ارکان سے حلف لیا جانا تھا، کورم پورا نہ ہونے کے باعث 24 جولائی تک ملتوی کر دیا گیا۔
اجلاس مقررہ وقت سے کافی تاخیر سے شروع ہوا، اور اجلاس کے آغاز پر ہی کورم کی نشاندہی کی گئی۔ اسمبلی میں اس وقت صرف 25 ارکان موجود تھے، جبکہ اجلاس جاری رکھنے کے لیے زیادہ اراکین کی موجودگی ضروری تھی۔ کورم پورا نہ ہونے پر سپیکر بابر سلیم سواتی نے اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب 25 ارکان نے حلف لینا تھا جن میں خواتین اور اقلیتی نمائندے شامل تھے۔ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے احتجاج کیا اور موقف اختیار کیا کہ منتخب ارکان کو حلف سے روکنا درست نہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ارکان اندرونی اختلافات کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ اجلاس میں بھی حلف نہ لیا گیا تو وہ قانونی راستہ اختیار کریں گے۔