
سرگودھا (اے ون نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت سرگودھا نے 9 مئی کو میانوالی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمے میں بڑا فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر، رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ سمیت تمام 32 ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق، یہ سزا دہشتگردی، جلاؤ گھیراؤ اور امن عامہ کو نقصان پہنچانے جیسے الزامات کے تحت سنائی گئی۔ عدالت نے مختصر فیصلہ سنایا جبکہ ملزمان، جنہیں پہلے ہی حاضری سے استثنیٰ دیا جا چکا تھا، فیصلہ سنائے جانے کے وقت عدالت میں موجود نہیں تھے۔
یہ فیصلہ اس مقدمے کا اہم موڑ ہے جو 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کے بعد درج کیا گیا تھا، جب میانوالی میں سیاسی احتجاج کے دوران شدید توڑ پھوڑ، سرکاری املاک کی تباہی اور امن عامہ میں خلل پیدا کیا گیا تھا۔