
سکردو (ویب ڈیسک) – گلگت بلتستان کے علاقے بابوسر میں خوفناک سیلابی ریلے نے کئی قیمتی جانیں نگل لیں، جن میں نجی ٹی وی چینل خیبر نیوز کی معروف اینکر شبانہ لیاقت اپنے شوہر اور تین بچوں سمیت جاں بحق ہو گئیں۔
ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ کے مطابق شبانہ لیاقت اور ان کا خاندان بابوسر ٹاپ کے قریب سیاحتی دورے پر تھا کہ اچانک آنے والے سیلابی ریلے کی زد میں آ گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ 10 سے 15 سیاح اس قدرتی آفت کی لپیٹ میں آئے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اب تک 7 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اس کام میں ڈرونز، سراغ رساں کتوں اور مختلف اداروں کی مدد لی جا رہی ہے۔
ریسکیو آپریشن میں شامل ادارے:
دیامر پولیس
ضلعی انتظامیہ
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (DDMA)
ریسکیو 1122
افواجِ پاکستان
گلگت بلتستان اسکاؤٹس
فیض اللہ نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر سفر سے گریز کریں اور متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔