
اسلام آباد(اے ون نیوز)بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی واضح کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یکم اگست سے نئی قیمتوں کا اطلاق ممکن ہے، تاہم اس کا حتمی اعلان 31 جولائی کو وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں 9 روپے 7 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 73 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ فی بیرل پیٹرول کی قیمت 75.27 ڈالر سے کم ہو کر 73.19 ڈالر پر آگئی ہے، جب کہ پیٹرولیم پر پریمیم کی شرح بھی کم ہو کر 6.74 ڈالر فی بیرل تک آ چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کسٹمز ڈیوٹی بھی کم ہو کر 14 روپے 29 پیسے ہو گئی ہے، جو عوام کے لیے ریلیف کی نوید بن سکتی ہے۔ اس وقت پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 168 روپے 73 پیسے سے کم ہو کر 159 روپے 66 پیسے ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں کا تعین کرنے والی مکمل ورکنگ وزارتِ خزانہ کو 31 جولائی کو ارسال کی جائے گی، جو اپنے ریونیو اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں کا حتمی فیصلہ کرے گی۔ اگر حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ نہ کیا تو عوام کو نمایاں ریلیف دیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ یہ فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ کی جانب سے نوٹیفیکیشن کے ذریعے نافذ العمل ہوگا۔