
کولمبو(اے ون نیوز)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں زمبابوے نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے سابق ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دیدی۔
کولمبو میں کھیلے جا رہے میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 169 رنز اسکور کیے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا۔
170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم 20 ویں اوور میں 146 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح زمبابوے نے 23 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔
زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز اسکور کیے، برین بینیٹ نے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ تادیونشے مرومانی اور ریان برل نے 35، 35 رنز اسکور کیے۔ سکندر رضا نے بھی 25 رنز کی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے میٹ رنشا کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی زمبابوے کے بولرز کا مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 146 رنز پر آؤٹ ہوگئی، رنشا نے 65 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ گلین میکسویل نے 31 رنز اسکور کیے۔
آسٹریلیا کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے جبکہ زمبابوے کی جانب سے مزاربانی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔




