نیو یارک(اے ون نیوز)ایپل کے 4 نئے آئی فونز کو متعارف کرا دیا گیا ہے۔
آئی فون 15 سیریز کو کمپنی کی جانب سے ایک ایونٹ کے دوران پیش کیا گیا۔
یہ سیریز آئی فون 15، 15 پلس، 15 پرو اور 15 پرو میکس پر مشتمل ہے۔
اس سال کے ماڈلز کی خاص بات نئی چارجنگ پورٹ کا اضافہ ہے۔
ڈیزائن اور پراسیسر
آئی فون 15 سیریز کے ماڈلز دیکھنے میں کافی حد تک گزشتہ سال کے آئی فونز کی طرح ہی ہیں۔
مگر اس سال تمام آئی فونز کے ڈسپلے میں ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن موجود ہے جو گزشتہ سال آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود تھا۔
آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے۔
آئی فون 15 اور 15 پلس میں اسکرین ریفریش ریٹ 60 ہرٹز ہے جبکہ پرو ماڈلز کے لیے 120 ہرٹز تک اڈاپٹو ریفریش ریٹ دیا گیا ہے۔
آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہے۔
آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہے۔
آئی فون 15 اور 15 پلس میں اے 16 بائیونک پراسیسر دیا گیا ہے جو گزشتہ سال آئی فون 14 پرو ماڈلز کا حصہ تھا۔
اس کے مقابلے میں آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس اے 17 بائیونک پراسیسر سے لیس ہے۔
کیمرا سیٹ اپ
اس سال ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز کے تمام ماڈلز کے کیمرا سیٹ اپ کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
آئی فون 15 اور 15 پلس کے بیک پر 2 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے۔
اس سیٹ اپ کا مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا دیا گیا ہے۔
آئی فون 15 پرو میں گزشتہ سال کے آئی فون 14 پرو کی طرح 3 کیمروں کا ہی سیٹ اپ موجود ہے، مگر اسے اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
آئی فون 15 پرو کا مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 12.7 میگا پکسل ٹیلی فوٹو اور 13.4 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرے دیے گئے ہیں۔
آئی فون 15 پرو میکس کے مین اور الٹرا وائیڈ کیمرے تو آئی فون 15 پرو جیسے ہی ہیں مگر اس ڈیوائس کی خاص بات اس کا نیا ٹیلی فوٹو کیمرا ہے۔
12.7 میگا پکسل کا یہ ٹیلی فوٹو کیمرا پیری اسکوپ لینس سے لیس ہے جس سے صارفین 5x سے 10x آپٹیکل زوم کر سکیں گے۔
یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ کی آمد
یہ وہ تبدیلی ہے جس کے بارے میں افواہیں کئی برس سے سامنے آ رہی تھیں مگر 2023 میں یہ حقیقت بن گئی۔
یورپی یونین کی جانب سے تمام ڈیوائسز میں یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ کو لازمی قرار دیے جانے کے بعد (اس پابندی کا اطلاق 2024 میں ہونا ہے) ایپل نے لائٹننگ پورٹ کو تبدیل کیا۔
آئی فون 15 سیریز کے تمام فونز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ دی گئی ہے ، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔
یہ 11 سال بعد پہلی بار ہے جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی گئی ہے۔
ایکشن بٹن اور ریم
ایپل کی جانب سے اس سال پرو ماڈلز کے لیے سائیلنٹ سوئچ کی جگہ ایکشن بٹن کا اضافہ کیا گیا ہے جو متعدد کاموں کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔
آئی فون 15 سیریز کے پرو ماڈلز میں ریم کو 6 جی بی سے بڑھا کر 8 جی بی کر دیا گیا ہے جبکہ باقی دونوں ماڈلز میں 6 جی بی ریم دستیاب ہوگی۔
قیمت
آئی فون 15 کی قیمت 799 ڈالرز (128 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی) سے شروع ہو رہی ہے جبکہ آئی فون 15 پلس کی قیمت 999 ڈالرز (128 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی) ہے۔
آئی فون 15 پرو کی قیمت 999 ڈالرز (128 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی) سے شروع ہے جبکہ آئی فون 15 پرو میکس کی قیمت 1199 ڈالرز (256 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی) سے شروع ہے۔