بنگلادیش میں سرکاری نوکریوں میں کوٹہ سسٹم کے خلاف طلبہ کے مظاہروں میں ہلاکتوں کی کل تعداد 100 سے زائد ہوگئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جمعے کے روز ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں کم و بیش 75 افراد ہلاک ہوئے جبکہ صرف ڈھاکا شہر میں 52 افراد کی ہلاکتیں ہوئیں۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق طلبہ کے احتجاج کے دوران رواں ہفتے اب تک کم از کم 105 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
احتجاج کرنے والے طلبہ نے آج وسطی بنگلا دیش کے ضلع نرسنگدی کی سینٹرل جیل پر حملہ کرکے قیدیوں کو رہا کردیا اور جیل کو آگ لگادی، پولیس ذرائع کے کہنا ہےکہ جیل سے رہا کروائے گئے قیدیوں کی تعداد سیکڑوں میں ہے۔
دوسری جانب اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے ہلاک ہونے والوں میں نصف سے زائد افراد پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔