امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ کشیدگی سے ثابت ہوتا ہے ایران کےخطے میں تعلقات اچھے نہیں ہیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے مزید کہا کہ جائزہ لے رہے ہیں کہ حالات کس جانب بڑھ رہے ہیں،اس وقت مستقبل کی صورتحال کی پیشگوئی کرنا مشکل ہے۔
قبل ازیں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ایران نے اپنے تین ہمسایہ ممالک کی خودمختار سرحدوں کی خلاف ورزی کی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں دہشتگردی کا سب سے بڑا اسپانسر ہے اور ایران کی وجہ سے ہی امریکی فوج عراق میں موجود ہے۔
دوسری جانب ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے افواج پاکستان کو خوب سراہا، آپریشن ‘مرگ برسرماچار’ کے بعد ” ہیش ٹیگ ”پاکستان کا جوابی وار” اور اس سے منسلک ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔
پاک فوج کی جانب سے آپریشن کے بعد ہیش ٹیگ”پاکستان کا جوابی وار”اس وقت سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ زیر بحث موضوع بنا ہوا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان 1980 سے 1988 کی ایران عراق جنگ کے بعد ایران پر حملہ کرنے والی پہلی ریاست بن گئی ہے۔ ریاست نے عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے دفاع کا حق استعمال کیا ہے۔