نئی دہلی(اے ون نیوز)سی آئی ڈی بلاشبہ بہت مقبول ڈرامہ تھا اور پاکستان میں بھی متعدد افراد اسے بہت شوق سے دیکھتے تھے،20 سال تک نشر ہونے والا ڈرامہ بہت زیادہ مقبول ہونے کے باوجود 2018 میں آف ائیر ہوگیا تھا۔
اب پہلی بار سی آئی ڈی میں اے سی پی پردیومن کا مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار شیوا جی ساٹم نے کرائم ڈرامہ سیریل کی بندش کی اصل وجہ پر روشنی ڈالی ہے،انہوں نے بتایا کہ ڈرامے کے پروڈیوسر اور اسے نشر کرنے والے چینل کے درمیان اختلافات 20 سال کامیابی سے چلنے والے شو کی بندش کا باعث بنے۔
ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ ‘ہم اکثر چینل سے سی آئی ڈی کی بندش کی وجہ جاننے کی کوشش کرتے تھے، ہمارا مقابلہ کون بنے گا کروڑ پتی سے تھا اور ہاں ہمارے شو کی ٹی آر پی میں معمولی کمی آئی تھی مگر ایسا کس شو کے ساتھ نہیں ہوتا؟’،انہوں نے مزید کہا کہ ‘شو کے بند ہونے سے قبل چینل نے اس کے نشر ہونے کا وقت تبدیل کر دیا تاکہ ناظرین اس سے دور ہو جائیں یا کم از کم چینل کی تو یہی کوشش تھی’۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ‘چینل کو پروڈیوسر کے ساتھ مسئلہ تھا اور وہ شاید انہیں بدلنا چاہتے تھے، مگر ہمارے نظر میں یہ میں یہ ان کے ساتھ دوستی کا معاملہ تھا، اس لیے ہم اکٹھے کھڑے ہوئے، ہم ایک ٹیم تھے’،خیال رہے کہ سی آئی ڈی ڈرامہ 1998 میں نشر ہونا شروع ہوا اور 2018 تک نشر ہوتا رہا۔
فائر ورکس پروڈکشنز کی جانب سے اسے پروڈیوس کیا جاتا تھا اور اے سی پی پردیومن کے ساتھ ساتھ ابھیجیت اور فریڈرکس بھی ناظرین کے پسندیدہ کردار تھے۔