انگلینڈ ٹی 20ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کو شرمناک شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کو 10 وکٹوں سے بدترین شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز 170 رنز کی شراکت داری کی۔
آئی سی سی ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا جہاں انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر بھارتی کپتان روہت شرما کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 168 رنز بنائے اور انگلینڈ کو 169 رنز کا ہدف دیا۔
بھارتی اننگز:
بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے 33 گیندوں پر 63 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ ویرات کوہلی نے اس ورلڈ کپ میں چوتھی مرتبہ 50 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے کے ایل راہول 5،کپتان روہت شرما 27، سوریا کمار 14 اور رشبھ پنت 6 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
انگلینڈ کے کرس جورڈن نے 3، کرس ووکس اور عادل رشید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے روہت شرما نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔
دوسری جانب آج انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ اور ڈیوڈ ملان انجری کے سبب نہیں کھیل رہے۔
گزشتہ روز پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
ورلڈ کپ کا فائنل اتوار 13 نومبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔