امریکی ریاست نیو جرسی کے ٹاؤن ماؤنٹ لارل میں تاریخ رقم، پہلی بار پاکستانی نژاد فوزیہ جنجوعہ امریکی ریاست نیوجرسی کے ٹاؤن ماؤنٹ لارل کی مئیر منتخب ہو گئیں. فوزیہ جنجوعہ ماؤنٹ لارل ٹاؤن شپ، نیو جرسی کی تاریخ میں منتخب ہونیوالی پہلی پاکستانی، مسلمان اور ساؤتھ ایشئن خاتون مئیر ہیں.
ماؤنٹ لارل ٹاؤن شپ ہال میں ہوئی ایک تقریب میں نیوجرسی سٹیٹ کی خاتون ممبر اسمبلی و امیدوار برائے کانگریس کیرول مرفی نے فوزیہ جنجوعہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا. حلف برداری کی تقریب میں فوزیہ جنجوعہ کے شوہر اور انکے بچے بھی ان کے ساتھ کھڑے تھے.
امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے فوزیہ جنجوعہ کو مئیر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے. میئر کا حلف اٹھانے کے بعد فوزیہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ ماؤنٹ لارل ٹاؤن شپ کی مئیر منتخب ہونا ان کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے. وہ ٹاؤن شپ کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گی.
ریاست نیو جرسی کے شمال میں واقع ماؤنٹ لارل ٹاؤن شپ نیو جرسی کی کاؤنٹی برلنگٹن کا حصہ ہے. 2020 ء کی مردم شماری کے مطابق ماؤنٹ لارل ٹاؤن شپ کی آبادی 44 ہزار سے زائد ہےجس میں 87 فیصد سفید فام، 7 فیصد افریقی امریکن، 3.8 فیصد ایشیائی اور 2.4 فیصد لاطینی/سپینش یا دیگر اقوام آباد ہیں.