غزہ (اے ون نیوز)اسرائیل نے سفاکیت کی انتہا کر دی،نماز پڑھتے فلسطینیوں پر ہزاروں پاﺅنڈ وزنی بم گرا دئے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی غزہ میں بربریت کاسلسلہ جاری ہے ، اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک اور سکول پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں مزید 100 فلسطینی لقمہ اجل بن گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم میں ایک نئے خونی باب کا اضافہ ہوگیا ، غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان نے ایک پوسٹ میں کہا کہ غزہ شہر کی الدرج کالونی میں التابعن سکول پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 40 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
محمود بصل نے اس واقعے کو ایک ہولناک قتل عام قرار دیا، جس میں متعدد لاشوں میں آگ لگ گئی، موجود عملہ جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق غزہ حکومت کے میڈیا دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل نے سکول میں مقیم پناہ گزینوں کو اس وقت نشانہ بنایا، جب وہ فجر کی نماز ادا کر رہے تھے، جس کی وجہ سے اموات میں اضافہ ہوا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کی فضائیہ نے کمانڈ اور کنٹرول سینٹر پر حملہ کیا جو حماس کے دہشت گردوں اور کمانڈروں کے لیے پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہوتا تھا۔