لاہور پولیس نے اقبال ٹاون کے علاقے میں ایک گھر میں گھسنے والے 6 ڈاکوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ڈاکو اقبال ٹاؤن میں ڈاکٹر عباد نامی شخص کے گھر میں داخل ہوئے اور اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا۔
پولیس کے مطابق گھر کی ایک بچی جو چھت پر موجود تھی اس نے فوری طور پر پولیس کو ون فائیو پر ڈاکوؤں کی اطلاع دی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچی تو ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کر دی۔
پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ جوابی فائرنگ میں گھر میں گھسنے والے 6 ڈاکو ہلاک ہو گئے اور جب گھر کے اندر گئے تو ڈاکوؤں نے اہلخانہ کو گھر کے گیراج میں یرغمال بنا رکھا تھا۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں سے مقابلے میں اہلخانہ اور پولیس کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا جبکہ ہلاک ڈاکوؤں کی لاشوں کو قانونی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔