انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے پٹرولنگ پوسٹوں اور خدمت مراکز کے ساتھ ساتھ پولیس اسٹیشنز، آن لائن اور ایپ کے ذریعے شہریوں کو لرننگ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس نئے سسٹم کے ذریعے اب شہری گھر بیٹھے آن لائن لرنگ ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ لرنر و ریگولر ڈرائیونگ لائسنس، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس اور رینیول آف لائسنس کا حصول انتہائی آسان بناتے ہوئے نئے آن لائن سسٹم ڈاٹ نیٹ متعارف کروا رہے ہیں ، اوور لوڈ کی وجہ سے لائسنس اجراء سسٹم میں تعطل و خرابی کرنے کے خدشات کو دور کر دیا گیا ہے ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف کے ہمراہ پولیس خدمت مرکز لبرٹی کا دورہ کیا اور ڈرائیونگ لائسنس اجراء کے حوالے سے متعارف کروائی جا رہی نئی سہولیات بارے خصوصی پیغام بھی جاری کیا ۔ سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہریوں کے لئے آن لائن لرنر آن ویب ایپ سروس کل سے شروع کی جا رہی ہے،
اسی طرح پنجاب کے تھانوں کے فرنٹ ڈیسک پر لرنر لائسنس بنانے کی سہولت کا آغاز بھی کل سے کر دیا جائے گا، آئی جی پنجاب نے کہا کہ لبرٹی خدمت مرکز پر کل شام 06 بجے سے 50 سال سے زائد العمر شہریوں کی میڈیکل ویریفیکیشن کی سہولت بھی میسر کر دی جائے گی، خدمت مرکز لبرٹی گلبرگ میں لرنر لائسنس بنوانے کے لئے آنے والے شہریوں کے لئے علیحدہ کلومیٹک سروس آج رات 11 بجے سے فراہم کر دی جائے گی، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ خدمت مرکز گارڈن ٹاؤن میں لرنر لائسنس بنوانے والوں کے لئے کیومیٹک سروس کا آغاز کل رات 09 بجے سے ہو گا ،
لبرٹی اور گارڈن ٹاؤن کے خدمت مراکز پر شہریوں کو آج رات 11 بجے سے ویری فیکیشن کے لئے انتظار نہیں کرنا پڑے گا، ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ نئے سسٹم کے تحت لرنر لائسنس کی تجدید کا آغاز پیر کی رات 08 بجے سے ہو گا، نئے سسٹم کے تحت ریگولر لائسنس کے لئے اپائنٹمنت 14 دسمبر جبکہ ریگولر اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے لئے 17 دسمبر سے ملے گی،
ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ نئے سسٹم کے تحت انٹرنیشنل لائسنس کے لئے 19 دسمبر، نئے ریگولر لائسنس بنوانے کے لئے 25 دسمبر سے اپوائنمنٹ ملے گی جبکہ پولیس خدمت ایپ کے ذریعے شہریوں کو لرنر کی سہولت 11 دسمبر کی شام سے فراہم کر دی جائے گی ۔۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا یہ پیغام پنجاب پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دستیاب ہے ۔