اسلام آباد(اے ون نیوز)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کی 6، بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں ضمانت کا معاملہ زیر سماعت آیا،بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری نہ لگانے پر سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔
اے ون ٹی وی کے مطابق ایڈیشنل سیشنز جج طاہر عباس سپرا نے توہین عدالت شو کاز نوٹس جاری کیا۔
جیل حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ویڈیو لنک سسٹم خراب ہونے کے باعث بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی حاضری نہیں لگوائی جا سکتی، آپ کو حکم دیا گیا تھا کہ حاضری لگوانے کیلئے ویڈیو لنک کے کار آمد ہونے کو یقینی بنائیں، جو آپ نے نہیں کیا۔
نوٹس کے متن کے مطابق آپ کا یہ رویہ عدالتی حکم عدولی کے زمرے میں آتا ہے، سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل تحریری طور پر نوٹس کا جواب جمع کروائیں، سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل اپنے جواب کے ساتھ ویڈیو لنک کے ٹیکنیکل اسٹاف کی رپورٹ بھی جمع کروائیں، آئندہ سماعت پر ڈپٹی سپریٹنڈنٹ جیل ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں، کیس کی آئندہ سماعت 25 مارچ 202 کو ہوگی۔