اہم خبریںپاکستانتازہ ترینکھیل

بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

حیدر آباد(اے ون نیوز)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور پوری پاکستانی ٹیم 42 اعشاریہ 5 اوور میں 191 رن پر ڈھیر ہوگئی۔

جواب میں بھارت نے 192 رن کا ہدف 30 اعشاریہ 3 اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستان کی اننگ
پاکستان کو پہلا نقصان عبداللہ شفیق کی صورت میں اٹھانا پڑا، عبداللہ 20 رن بناکر محمد سراج کا شکار ہوئے، امام الحق کو 36 رن پر ہاردک پانڈیا نے آؤٹ کیا۔

30 ویں اوور میں 155 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم 50 رن پر سراج کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی وکٹیں پتوں کی طرح بکھرتی چلی گئیں اور بقیہ بلے باز مجموعی اسکور میں صرف 36 رن کا اضافہ کرسکے۔

سعود شکیل بھی 6 رن کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ افتخار احمد 4 رن بنا کر کلدیپ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

168 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان بھی 69 گیندوں پر 49 رن بنا کر جسپریت بمراہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

171 کے مجموعے پر شاداب خان صرف 2 رن بنا کر چلتے بنے، محمد نواز بھی صرف 4 رن بناسکے، حسن علی بھی 12 رن پر پویلین لوٹ گئے، ان کے بعد حارث بھی 2 رن پر چلتے بنے۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، محمد سراج ، ہاردک پانڈیا،کلدیپ یادیو اور رویندرا جدیجا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت کی اننگ
192 رن کا ہدف بھارت نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 30.3 اوور میں حاصل کرلیا۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے 63 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 86 رن کی اننگ کھیلی۔

شریاس ایئر 53 رن اور کے ایل راہول 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، شریاس ائیرکی اننگ میں 2 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ شبمن گل اور ویرات کوہلی 16 ، 16 رن بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت کے جسپریت بمراہ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، انہوں نے7 اوور میں 19 رن دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button