تہران (اے ون نیوز) ایران میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے اسرائیلی حملے میں شہید ہونے کے بعد قم کی مسجد میں انتقام کااعلان سمجھا جانے والا سرخ پرچم لہرا دیا گیا۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق قم کی جمکران مسجد میں سرخ پرچم لہرایا گیا، اس سے قبل 2020 میں بھی پاسداران کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں موت کے بعد قم کی مسجد جمکران میں سرخ پرچم لہرایا گیا تھا، ایرانی حکومت نے حماس کی سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد تین روزہ قومی سوگ کا بھی اعلان کر دیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حکومت نے ایک بیان کے ذریعے اعلان کیا کہ 31 جولائی، یکم اور 2 اگست کو ملک بھر میں اسماعیل ہنیہ کو شہید کیے جانے پر قومی سوگ منایا جائے گا۔
دوسری جانب سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل کو سخت سے سخت سزا کے لیے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی موت کا بدلہ لینا ایران پر فرض ہوگیا ہے۔