راولپنڈی (اے ون نیوز)چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیّد عاصم منیر سے جمہوریہ بیلاروس کے وزیراعظم رومان گولوف چینکو نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی امور اور دوطرفہ سیکیورٹی و دفاعی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے عالمی اور علاقائی امور میں تعاون پر بیلاروس کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم رومان گولوف چینکو نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر پاکستان کی مسلح افواج کی تعریف کی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔