الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق سندھ حکومت بھی کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے تیار ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کے 2 اہم وزراء کا کراچی میں کل بلدیاتی انتخابات ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
دوسری جانب آئی جی سندھ نے الیکشن کمیشن سندھ کے آفس میں سیکریٹری الیکشن کمشنر اور صوبائی الیکشن کمشنر سے ملاقات کی ہے، اس حوالے سے آئی جی نے بتایا کہ ہماری ایف سی، رینجرز تعینات کرنے پر بات ہوئی، حساس پولنگ سٹیشنز پر رینجرز تعینات کرنے سے متعلق بھی بات کی۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ شہر میں 600 اہلکاروں پر مشتمل ایف سی کی 20 پلاٹونز تعینات ہوں گی، اس الیکشن کیلئے 68 ہزار پولیس اہلکاروں کی ضرورت ہے، تمام اہلکار الیکشن کمیشن کو دے دیں تو روٹین پولیسنگ کیلئے مسئلہ ہوگا، ہدایات کے مطابق سکیورٹی دیں گے۔