اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ایک ہی روز میں 24 فوجیوں کی ہلاکت سے متعلق بتائی گئی وجہ جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوگئی ہے، امریکی میڈیا نے اسرائیل کے جھوٹ کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔
امریکی میڈیا نے تصدیق کی کہ اسرائیلی فوجی، یرغمالیوں کو چھڑوانے کے دوران نہیں بلکہ غزہ میں غیرقانونی بفرزون بنانے کی کوشش میں مارے گئے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی غزہ میں مختلف عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا کر بفرزون قائم کرنے کی کوشش میں تھے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمارتوں کوتباہ کرنے کیلئے ان میں بارود رکھا جا رہا تھا کہ حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کردیا جس سے عمارت میں دھماکا ہوا اور وہاں موجود فوجیوں کے پرخچے اڑگئے۔
اس سے پہلے اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ حماس کی قید میں موجود یرغمالیوں کو بازیاب کرنے کی کوشش میں فوجی مارے گئے، تاہم اب واضح ہوا ہے کہ اسرائیل غزہ میں عمارتوں اور گھروں کو ملبے کا ڈھیر بناکر غزہ کی زمین پر قابض ہونا چاہتا ہے اور حماس نے بفرزون بنانے کی اسرائیلی سازش ناکام بنادی ہے۔
اقوام متحدہ کے اہلکار نے فلسطینیوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کے حوالے سے کہا ہے کہ جس طرح فلسطینی قیدیوں کو برہنہ کرکے انہیں مارا پیٹا جا رہا ہے اور غائب کیا جا رہا ہے، یہ ممکنہ طورپر تشدد کے زمرے میں آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں انتہائی ہولناک صورتحال میں قید ہیں۔