پشاور(اے ون نیوز)جہاں پاکستان کے عوام بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان ہیں، وہاں ایک گاﺅں ایسا بھی ہے جہاں کے لوگ ماہانہ صرف 100 روپے بجلی کا بل ادا کرتے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر کے دور افتادہ گائوں برشمنال کے لوگ 24 گھنٹے بجلی استعمال کرنے کے ماہانہ صرف 100 روپے ادا کرتے ہیں۔ کیونکہ وہاں کے ایک رہائشی نے گائوں کے بیچ و بیچ گزرنے والے ایک برساتی نالے پر چند سال قبل چھوٹا پن بجلی گھر بنایا تھا جس سے قریب کے سب گھروں کو بجلی فراہم کی جاتی ہے۔
اسی بجلی سے لوگ لائٹ، فریج، پنکھے، استری اور واشنگ مشین چلاتے ہیں ، پورا مہینہ کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی، شوکت علی نامی شخص نے آٹھ سال پہلے دس لاکھ روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا تھا جو150 سے زیادہ گھروں کو بجلی فراہم کرتا ہے۔
برشمنال گائوں میں اس کے علاوہ بھی سات چھوٹے پن بجلی گھر کام کررہے ہیں جن کے ذریعے قریب 800 گھروں کو بجلی مہیا کی جاتی ہے۔