لاہور (اے ون نیوز)لاہور کے جنرل ہسپتال میں خاتون نے سرجیکل ایمرجنسی کی بلڈنگ سے چھلانگ لگا دی، مریضہ کی حالت تشویشناک ہے جسے وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق قصور میں خاتون نے تیسری بیٹی کو جنم دیا طبیعت خراب ہونے پر اسے لاہور کے جنرل ہسپتال لایا گیا تھا۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مریضہ سدرہ افضال کو دو روز قبل قصور سے جنرل ہسپتال لاہور لایا گیا تھا۔ گائنی یونٹ ٹو کی ٹیم نے آپریشن کے ذریعے خاتون کے پیٹ میں موجود خون کو صاف کیا۔ لیبر روم سے مریضہ کو آئی سی یو میں منتقل کیا گیا۔
خاتون سدرہ لیبر روم کے واش روم گئی اور کھڑکی سے چھلانگ لگا دی۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق خاتون کی حالت تشویشناک ہے اور وہ نیورو ڈپارٹمنٹ میں وینٹی لیٹر پر ہے۔ واقعے کی انکوائری کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔