راولپنڈی(اے ون نیوز)راولپنڈی میں پسند کی شادی نہ ہونے پر نوجوان نے شادی ہال میں دلہن کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔
افسوسناک واقعہ تھانہ وارث خان کے علاقے کمیٹی چوک کے قریب پیش آیا، فائرنگ سے شادی ہال میں بھگدڑ مچ گئی، پولیس نے ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق کمیٹی چوک کے قریب رائل پیلس شادی ہال میں دلہن اسٹیج پر بیٹھی تھی کہ اچانک مسلح شخص ہال میں داخل ہوا اور دلہن پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دلہن بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوگئی۔
ملزم ہال سے نکل کر فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ وہاں موجود لوگوں اور سڑک سے گزرتی پولیس نے اسے اسلحے سمیت قابو کرلیا۔
پولیس کے مطابق اویس نامی ملزم کی عمر 23 سال ہے جو میٹرک تک پڑھا ہوا اور گارمنٹس کی دکان پر سیلزمین کی ملازمت کرتا ہے، ملزم لڑکی کو پسند کرتا تھا اور اس سے خود شادی کرنا چاہتا تھا۔
سی پی او راولپنڈی شہزاد ندیم بخاری نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو تمام شواہد کے ساتھ چالان کرنے کی ہدایات جاری کیں، ایس پی راولپنڈی ماہم خان کے مطابق زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جس کی حالت خطرے سے باہر ہے، ملزم کوعدالت سے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
دریں اثنا راولپنڈی پولیس نے شادی ہال میں دلہن کو گولی مار کر زخمی کرنے کا مقدمہ درج کرلیا، مقدمہ تھانہ وارث خان پولیس نے زخمی دلہن کے والد کی مدعیت میں درج کیا جس میں اقدام قتل سمیت پنجاب آرمز امینڈمنٹ آرڈیننس کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔