مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئر مین ابو الخبیر آزاد نے پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا ہے، کل پہلا روزہ ہوگا۔
عبدالخبیر آزاد نے دیگر ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں مطلع ابر آلود ہونے کے باجود لاہور سرگودھا ، چارسدہ ، پشاور اور اسلام آباد سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے اللہ پاکستان کو خوشحالی نصیب فرمائے،اللہ ملک پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات سے محفوظ فرمائے۔وطن عزیز بھی رمضان المبارک میں آزاد ہوا، ملک کو دہشت گردی سے پاک بنانا ہے ، اللہ ملکی تحفظ و استحکام کیلئے افواج پاکستان کی شہادتیں قبول فرمائے، اللہ تعالیٰ کا احسان ہے کہ آج پھر ایک ہی روزہ ہمیں عطا ہوا ہے، ملک میں وحدت پیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، غزہ اور کشمیر کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔
اس سے قبل رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کی زیر صدارت پشاور میں ہوا جبکہ ملک بھر میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔اجلاس میں مرکزی و زونل ممبران پشاور ،وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو،محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان شریک تھے۔ پورے ملک میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز لاہور، کراچی،کوئٹہ،اسلام آبادمیں منعقد کیے گئے۔