گوادر(اے ون نیوز)چیئرمین اے ون ٹی وی مبین رشید نے ڈی جی گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے)مجیب الرحمن قمرانی سے ملاقات کی اس موقع پر مجیب قمرانی نے کہا کہ بلوچستان کی تقدیر سی پیک کی بدولت بدل رہی ہے اور عشروں سے نظر انداز یہ صوبہ اب خطے کی توجہ کا مرکز بننے جارہا ہے۔
گوادر کی بندرگاہ محض سمندر کا ایک کنارہ نہیں، یہ اس خطے کے کروڑوں انسانوں کے مقدر کا استعارہ ہے۔ مجیب الرحمن قمرانی نے کہا گوادر خطے میں اقتصادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کا محور بن رہاہے جس سے نہ صرف پاکستان اوربالخصوص بلوچستان کو فائدہ ہوگا بلکہ وسطی ایشیاءسمیت علاقائی ممالک کےلئے بھی وسیع تر تجارتی مواقع پیدا ہوں گے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
حکومت کی کوشش ہے کہ ترقی کے عمل میں ملک کے تمام علاقوں کو ساتھ لے کر چلیں، ملک کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لئے برآمدات میں اضافے پر توجہ دینا ہوگی، گوادرماسٹر پلان پر ترجیحی بنیادوں پر کام ہورہاہے، ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی براہ راست وزیراعظم آفس سے کی جارہی ہے ،ماضی میں بلوچستان کی ترقی کو نظرانداز کیا گیا، بدقسمتی سے ترقی میں کئی علاقے بہت پیچھے رہ گئے اور ان میں بلوچستان بھی شامل ہے۔
بجلی اور پانی جیسے بنیادی مسائل حل نہ کئے گئے، مجیب الرحمن قمرانی نے کہاصنعتی سرگرمیوں کے لئے گیس بھی ضروری ہوتی ہے، اس کے علاوہ گوادر کو دیگر علاقوں سے ملانے کے لئے سڑکوں کی تعمیر پر بھی توجہ نہ دی گئی، خاص طور پر سی پیک کے مغربی روٹ پر بھی دھیان نہ دیا گیا لیکن اب تمام منصوبوں پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔مجیب الرحمن قمرانی نے کہا توانائی اور پانی کے منصوبے اور گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر ہو رہی ہے، یہ گوادر کو دنیا سے ملائے گا، ان منصوبوں پر کام تیزی سے ہو رہا ہے۔
چینی اور دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یہاں پر بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے ،جودہ حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے ون ونڈو آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین اے ون ٹی وی مبین رشید نے کہا کہ گوادر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کے بغیر پاکستان کی ترقی ناممکن ہے۔