لاہور(اے ون نیوز)پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ گرفتار ملزم نوید کی نشاندہی پر مزید 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان وقاص اور ساجد بٹ نے ملزم نوید کو پستول فراہم کیا تھا، ملزمان وقاص اور ساجد بٹ کو وزیرآباد سے گرفتار کیا گیا، ملزمان نے 20 ہزار روپے کے عوض نوید کو پستول اور گولیاں بیچیں۔
پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ جس پستول سے عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا وہ بغیر نمبر اور لائسنس کے تھا،یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر آباد میں عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے میں پی ٹی آئی چیئرمین سمیت 13 افراد زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوا تھا۔
لانگ مارچ میں شریک افراد نے موقع سے ایک شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا جس کی شناخت نوید کے نام سے ہوئی تھی، بعد ازاں پولیس نے نوید کے گھر والوں کو بھی حفاظتی تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی تھی۔