نیویارک (اے ون نیوز) امریکہ کی ریاست نیویارک کی اسمبلی میں پاکستان کیلئے اہم قرارداد آج پیش کی جائے گی۔اس قرارداد میں نیویارک کو سندھ اور پنجاب کی سسٹر اسٹیٹ بنانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ نیویارک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فل راموس سسٹراسٹیٹ کا درجہ دینے سے متعلق یہ قرارداد پیش کریں گے، روشن امکان ہے کہ یہ قرارداد فوری طورپر منظور کرلی جائے گی۔قرارداد نیویارک اسمبلی میں پیش کرنے کیلئے خاص طورپر مارچ کا انتخاب کیا گیا ہے کیونکہ 23 مارچ 1940 کو قرارداد لاہور جسے قرارداد مقاصد اور قرارداد پاکستان بھی کہا جاتا ہے پیش کی گئی تھی۔
اب نیویارک کو پنجاب اور سندھ کی سسٹر اسٹیٹ بنانے سے متعلق اس قرارداد کی منظوری سے امریکی ریاست اور پاکستان کے ان دونوں صوبوں کے درمیان تجارت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھے گا۔
نیویارک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فل راموس اس ضمن میں نومبر 2023 میں پاکستان کا دورہ بھی کرچکے ہیں جس میں انہوں نے ا±س وقت کے سینیٹر اسحاق ڈار، نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی، نگران وزیر صحت ڈاکٹرندیم جان، نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز، نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اور سینیٹر مشاہد حسین سے ملاقاتیں کی تھیں۔
نیویارک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فل راموس نے لاہور چیمبر آف کامرس، کراچی چیمبر آف کامرس اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سے بھی خطاب کیا تھا۔ انہوں نے آئی بی اے میں طلبہ کو لیکچر دیا تھا اور سندھ مدرس السلام کے طلبہ سے بھی ملاقات کی تھی۔
اسی دورے میں سندھ اور پنجاب کی نگران حکومتوں نے فل راموس کے دورے کو سراہتے ہوئے آمادگی ظاہر کی تھی کہ نیویارک اسمبلی میں قرارداد منظور ہونے کے بعد ان صوبوں کی اسمبلیوں میں بھی ایسی ہی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔
نیویارک کو پنجاب اور سندھ کی سسٹر اسٹیٹ بنانے کی تجویز میں نے امریکا میں پاکستانیوں کی سرکردہ تنظیم امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی کے نیویارک میں مقیم سربراہ ڈاکٹر اعجاز اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو پچھلے برس اپریل میں اس وقت پیش کی تھی جب وہ نجی دورے پر امریکا میں تھے۔
اے پی پیک کے سربراہ ڈاکٹراعجاز نے نیویارک کے ڈپٹی سپیکر فل راموس سے گورنر سندھ کی فوری ملاقات کردی تھی جس کے بعد پریس کانفرنس میں گورنر سندھ اور ڈپٹی اسپیکر نیویارک اسمبلی نے نیویارک کو سندھ کی سسٹراسٹیٹ بنانے کا وعدہ کیا تھا۔
بعد میں اسی نمائندے نے ڈاکٹر اعجازاحمد کی بدولت فل راموس اور سینیٹر اسحاق ڈار کی زوم کال کااہتمام کرایا تھا جس میں امریکن پاکستانیوں کی میڈیکل انشورنس پاکستان ہی میں ممکن بنانے اور نیویارک کو پنجاب کی سسٹراسٹیٹ بنانے پراتفاق کیا گیا تھا۔
آج نیویارک اسمبلی میں پاکستان کے دونوں صوبوں کو نیویارک کی سسٹراسٹیٹ بنانے کی قرارداد منظور ہونے کا امکان ہے جس کے بعد ڈپٹی سپیکر فل راموس اپریل میں پاکستان کا دوسرا دورہ کریں گے۔
اس دورے کا مقصد سندھ اورپنجاب کی اسمبلیوں میں ایسی ہی قراردادیں منظور کرانا ہے تاکہ اس عمل کا باضابطہ آغاز ہوسکے اورلوگوں کو فائدہ ملے۔