کرم میں زمین کے تنازع پر قبائل میں جھڑپیں، 24 افراد جاں بحق
پشاور(اے ون نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں زمین کے تنازع پر دو قبائل کے درمیان جھڑپوں میں مزید 14 افراد جاں بحق اور 130 زخمی ہوگئے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 24 ہوگئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پارا چنار سمیت ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں جھڑپیں جاری ہیں۔ ہر متاثرہ علاقے میں پولیس و سیکیورٹی کی بھاری نفری موجود ہے، تاہم پولیس، انتظامیہ اور جرگہ فائر بندی کرانے میں مکمل ناکام ہوگئے۔
کشیدگی کے باعث ضلع کرم میں آمدورفت کے راستے، تعلیمی ادارے اور انٹرنیٹ سروس تاحال بند ہے جبکہ مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش اور ادویات کی قلت ہوگئی۔پاراچنار و صدہ شہر پر درجنوں میزائل فائر کئے گئے ہیں۔ پاراچنار سے پشاور تک روڈ بھی ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند ہے۔
ایم این اے حمید حسین اور ممبر صوبائی اسمبلی علی ہادی عرفانی کا کہنا ہے کہ پاراچنار میں اسپتال اور مارکیٹ میں ادویات ختم ہوچکی ہیں۔ حکومت فائر بندی کے لئے فوری اقدامات اٹھائے۔
واضح رہے کہ قبائلی ضلع کرم کے مختلف مقامات پر قبائل کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ 5 روز سے جاری ہے جس میں راکٹ، میزائل اور مشین گن سمیت بھاری اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔