آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے میڈیا میں تیل کی قیمتوں کے حوالے سے چلنے والی خبروں کو مسترد کر دیا، دوسری جانب وضاحت کے باوجود لاہور سمیت مختلف شہروں میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہونا شروع ہو گئی ہے۔
ترجمان اوگرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا میں تیل کی قیمتوں سے متعلق زیر گردش خبریں بے بنیاد ہیں، میڈیا پر چلنے والی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق معلومات غلط ہیں، عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر ان چیزوں کو نظر انداز کیا جائے۔
اوگرا کی وضاحت کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی خبروں کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں مالکان نے تیل کی فروخت روک دی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جن پمپس پر پٹرول کی سیل جاری ہے وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قلت کی خبریں سامنے آئی ہیں، گوجرانوالہ میں 50 فیصد سے بھی کم پٹرول پمپس پر تیل دستیاب ہے جبکہ لاہور، فیصل آباد، دیپالپور، رحیم یار خان، بہاولپور سمیت کئی شہروں میں صارفین کو تیل حاصل کرنے کیلئے لمبی قطاروں میں لگنا پڑ رہا ہے۔
پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کے بعد خیبرپختونخوا میں تیل کی قلت پیدا ہو گئی، صوبے میں پمپ مالکان نے پٹرول کی فروخت کم کر دی ہے جس کے باعث صارفین کو تیل کے حصول میں دشواری کا سامنا رہا، نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے معاملے کا نوٹس بھی لیا ہے۔