اسلام آباد(اے ون نیوز)پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کا وقت ختم ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق انٹراپارٹی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کا وقت سہ پہر تین بجے تک تھا ،بیرسٹر گوہر علی خان نے چیئرمین کے لیے انٹراپارٹی انتخابات میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ،مرکزی تنظیم کیلئے عمر ایوب خان کی قیادت میں 15 رکنی پینل نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے۔
سندھ سے اشرف قریشی، بلوچستان سے محمد اسلم اور خیبرپختونخوا سے نوید انجم نے بھی چیئرمین کے عہدے کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے،پنجاب سے بانی چیئرمین کے نامزد کردہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے علاوہ محمد خان مدنی اور اسد حنیف نے بھی پنجاب کی صوبائی تنظیم کیلئے پینلز کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے ۔
سندھ کی تنظیم کیلئے بانی چیئرمین کے نامزد کردہ حلیم عادل شیخ اور خاوند بخش غلام محمد کی قیادت میں دو پینلز کے کاغذاتِ نامزدگی موصول ہو گئے،بلوچستان سے بانی چیئرمین کے نامزد کردہ ڈاکٹر مینر بلوچ کے علاوہ 5 دیگر افراد نے اپنے پینلز کے ہمراہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے ۔
بلوچستان کی تنظیم کیلئے اپنے پینلز کے ہمراہ کاغذاتِ نامزدگی داخل کروانے والوں میں سید جعفر آغا، نوابزادہ امین اللہ جوگیزئی، داو¿د شاہ، سید عبدالصادق اور بابر مرغزانی شامل ہیں،خیبرپختونخوا سے بانی چیئرمین کے نامزد کردہ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں خیبرپختونخوا کی تنظیم کیلئے پینل کے کاغذاتِ نامزدگی بھی موصول ہو گئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے فیڈرل الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹراپارٹی انتخابات میں شرکت کے خواہاں امیدواروں سے کاغذاتِ نامزدگی کی وصولی کیلئے مرکز اور صوبوں میں الگ الگ ریٹرننگ افسران مقرر کئے گئے ،ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات طے شدہ شیڈیول کے مطابق 3 مارچ کو منعقد کئے جائیں گے۔