چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ حکومت اب دو تہائی اکثریت سے محروم ہو گئی ہے۔ مخصوص نشستوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری 78 نشستیں دوسری جماعتوں کو دی گئیں، ان سیٹوں کی بنیاد پر حکومت دو تہائی اکثریت کی دعویٰ کر رہی تھی، اس سارے عمل میں ہم کہتے رہے کہ ہمارے ساتھ غیر آئینی سلوک ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہم کہتے رہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اس کی جیتی نشستون سے زائد نشستیں نہیں مل سکتیں، ہمارا مؤقف یہی تھا کہ سپریم کورٹ کو فیصلہ کرنے دیں، ہمیں عدلیہ پر اعتماد ہے اور عدلیہ کا احترام ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں۔ ہمارے کسی کے ساتھ مذاکرات نہیں ہو رہے، مذاکرات ہوئے تو سب کو اعتماد میں لیں گے۔
اس موقع پرسلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آئین کو بگاڑ نے والوں کو آج شکست ہوئی، عدلیہ آئین پاکستان اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے، اُمید ہے سپریم کورٹ باقی کیسز پر بھی جلد فیصلہ کرے گی۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی فتح ہو گی، ہم عدالت میں بھی جدوجہد جاری رکھیں گے اور عوام میں بھی جدوجہد جاری رکھیں گے۔