لاہور(اے ون نیوز)پنجاب کالج میں زیادتی کا واقعہ،طلبہ کا شدید احتجاج،سیکیورٹی اہلکاروں کا وحشیانہ تشدد کئی زخمی.
تفصیلات کے مطابق پنجاب کالج لاہور میں طالبہ سے بداخلاقی کا واقعہ سامنے آنے پر طلبہ کینال روڈ پر نکل آئے او ر شدید احتجاج کیا اس موقع پر کالج کے سیکیورٹی گارڈ نے طلبہ پر شدید لاٹھی چارج کیا جس سے کئی طلبا زخمی ہوگئے،ریسکیو1122کے اہلکاروں نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی.
دوسری طرف لاہور پولیس نے نجی کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے کی تاحال تصدیق سے گریز کیا ہے جبکہ واقعے پر طلبہ نے شدید احتجاج کیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق نجی کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے کی پولیس تحقیقات کررہی ہے مگر طالبہ سے زیادتی کی اب تک تصدیق نہیں ہوسکی جبکہ 4 سے 5 نجی ہسپتالوں میں طالبہ کے داخلے کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا بتانا ہے کہ سکیورٹی گارڈ پولیس تحویل میں ہے لیکن وہ واقعے سے انکاری ہے، کالج کے اندرونی حصوں کے کلوزسرکٹ کیمروں سے بھی کوئی شواہدنہیں ملے لہٰذا طلبہ افواہوں پریقین نہ کریں، اگرکوئی متاثرہ طالبہ ہے توپولیس کوبتائیں پولیس تعاون کرےگی۔
دوسری جانب کالج کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے پر کالج کے طلبا اور طالبات نے مسلم ٹاون موڑ کے قریب کینال روڈ پر کالج کے باہر احتجاج کیا جس دوران شیشہ لگنے سے طالب علم شدید زخمی ہوا۔
ریسکیو حکام کے مطابق احتجاج میں شامل ایک طالبہ کی حالت خراب ہوئی جبکہ احتجاجی طلبہ کا کہنا ہے کہ ایک طالبہ اور ایک طالب علم پرمبینہ طور پر کالج کے گارڈ نے تشددکیا جنہیں بعد ازاں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
واضح رہے گزشتہ روز گلبرگ میں نجی کالج کی طالبہ کو سکیورٹی گارڈ کی جانب سے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کی خبر سامنے آئی تھی۔