لاہور(اے ون نیوز)لاہور میں ون ویلنگ کرتے ہوئے ٹک ٹاک بنانے کے شوق نے نوجوان لڑکی کو دوستوں سمیت حوالات کی سلاخوں کے پیچھے پہنچادیا۔
اے ون ٹی وی کے مطابق شاد باغ پولیس نے لڑکی کو پیچھے بٹھاکر موٹرسائیکل پر ون ویلنگ کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر کارروائی کرتے ہوئے لڑکی سمیت 6 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
ملزمہ ہما شہزادی اور اس کے ساتھی ون ویلنگ کرتے ہوئے خطرناک کرتب دکھاتے اور ٹک ٹاک بناتے تھے۔ خطرناک کرتبوں کے دوران ہما شہزادی موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھی ہوتی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمان ون ویلنگ کے لیے رنگ روڈ سمیت لاہور کی کھلی سڑکوں کا انتخاب کرتے تھے اور لڑکی کو پیچھےبٹھا کر خطرناک کرتب دکھاتے تھے۔
ملزمان کی ٹک ٹاک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شادباغ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ ہما شہزادی اور اس کے ساتھی ملزمان مجید، وقاص، رومان، اذان اور حارث کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا اور ان کے زیراستعمال موٹرسائیکلیں بھی تحویل میں لے لیں۔
اس حوالے سے ایس ایچ او شادباغ قمر عباس نےبتایا کہ ون ویلنگ کے دوران پیچھے بیٹھی لڑکی کو وارننگ دے کر تحفظ مرکز کے حوالے کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے والے ون ویلر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
دریں اثنا ایس پی سٹی نے ون ویلروں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائی پر شاد باغ پولیس کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔